ابوظہبی /صنعاء(این این آئی)یمن میں حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات کے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری جہاز پر آبنائے باب المندب میں حملہ کیا ہے۔قبل ازیں حوثی ملیشیا نے یواے ای فوج کے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری جہاز کو حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ادھرسعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے اس حملے کو ایک خطرناک اشارہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جہاز پر سوار سویلین کو بچا لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حوثیوں نے اپنے زیرانتظام ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ایک اماراتی جنگی بحری جہاز کو بحر احمر کے کنارے واقع موخا کے ساحلی علاقے کی جانب آنے پر راکٹوں سے ہدف بنایا گیا اور اس کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ۔جبکہ اماراتی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ کشتی ( چھوٹا بحری جہاز) جنوبی شہر عدن سے معمول کے سفر سے واپس آرہا تھا اس کشتی کو کرائے پر لیا گیا تھا۔اماراتی فوج نے واقعے کی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے اور نہ یہ واضح کیا ہے کہ آیا یہ جہاز تباہ ہوگیا ہے یا اس کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔البتہ اس نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔