ہوانا (آئی این پی) چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ گذشتہ روز کیوبا کے سرکاری دورے پر ہوانا پہنچ گئے،56سال قبل سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد جزائر غرب الہند کے اس ملک کا چینی وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ ہے۔چینی وزیر اعظم نے ہوانا پہنچنے پر کہا کہ اگرچہ چین اور کیوبا کے درمیان بہت فاصلہ ہے تا ہم دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، دونوں ملکوں کے درمیان روایتی دوستی موجود ہے اور وہ عوام کے درمیان رابطے اور عملی تعاون میں اضافے کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں ، چین اور کیوبا کے درمیان تعلقات اعلیٰ سطح پر قائم ہیں ، چینی وزیر اعظم کے ساتھ ان کی اہلیہ چینگ ہانگ اوراعلیٰ چینی عہدیدار بھی ہیں ،اپنے اس دورے کے دوران چینی وزیر اعظم کیوبا کے حکمران رائول کاسٹرو اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کریں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی ٹیکنالوجی ، مالیات ، صنعتی استعداد ، انفارمیشن ، نئی توانائی وغیرہ کے منصوبوں پرتقریباً 30معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے ، چینی وزیر اعظم کیوبا کے انقلابی رہنما اور سابق صدر فائیڈل کاسٹرو سے بھی ملاقات کریں گے ۔