واشنگٹن(این این آئی)انٹرنیٹ ہیکروں نے دنیا کے طاقت ور ترین صدر کی جائے سکونت وہائٹ ہاؤس کو نشانہ بنایاہے۔ کارروائی کے بعد وہ امریکا کی خاتون اول کے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اس کو انٹرنیٹ پر نشر بھی کر ڈالا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیکس ڈی سی نامی ویب سائٹ نے ہیکروں کی جانب سے افشا کیے جانے والی دستاویزات کی تفصیل بتائی ۔ ان میں وہائٹ ہاؤس کے ایک چھوٹے ملازم کی ذاتی ای میلز شامل ہیں جس نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم میں کام بھی کیا۔ ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق انٹیلجنس اہل کاروں کو شبہ ہے کہ اس کارروائی سے روس کا کوئی تعلق ہے۔نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ وہائٹ ہاؤس افشا ہونے والے مواد کی درستی کے بارے میں بیان سے باز رہا تاہم اس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ امریکی وزیر انصاف لوریٹا لنچ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ ان میڈیا رپورٹوں سے باخبر ہیں جس میں امریکی صدر کی اہلیہ کے پاسپورٹ اور وہائٹ ہاؤس کے ایک ملازم کی ای میلز کے بارے میں بتایا گیا ہے۔مذکورہ ویب سائٹ لیکس ڈی سی کے بارے میں یہ بات معروف ہے کہ یہ وہ ہی ویب سائٹ ہے جس نے سابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاؤل کی ذاتی ای میلز کی آرکائیو جاری کی تھی۔ بعض امریکی حلقے اور متعدد تجزیہ کار یہ سمجھتے ہیں کہ یہ کارروائی بھی امریکی پالیسی پر اثر انداز ہونے کی روسی کوشش کا حصہ ہے۔