برلن(این این آئی)جرمنی میں ایک موسیقی کے میلے کے دوران 18 لڑکیوں پر جنسی حملہ کرنے کے الزام میں جرمن پولیس نے 3 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں متاثرہ لڑکیوں کا کہنا تھا کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران مردوں کے ایک گروپ نے انھیں گھیرا اور جنسی طور پر ہراساں کیا۔پولیس کے مطابق وہ اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ جرمنی کے مغربی شہر ڈارمسڈیڈٹ میں ہونے والے چار روزہ موسیقی کے میلے میں کیا ان ملزمان نے خواتین کو لوٹا بھی ہے۔ابتدائی طور پر 3 خواتین نے شکایت درج کروائی تھی، جس پر جرمن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کیا، جن میں جرمنی میں سیاسی پناہ کے منتظر 28 سے 31 سالہ 3 پاکستانی ہیں اور اس کے بعد باقی 15 خواتین بھی سامنے آگئیں۔جرمن پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ وہ مزید 2 سے 3 افراد کی تلاش کررہے اور خواتین کے مطابق مذکورہ ملزمان دیکھنے میں جنوبی ایشیاء کی ریاستوں کے تھے۔