برلن(نیوزڈیسک)جرمن وزیر ماحولیات نے بلجیم کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اْن دو جوہری ریکٹرز کو عارضی طور پر بند کر دے، جن کے خراب ہونے کے امکانات ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر ماحولیات باربرا ہینڈرکس نے ایک بیان میں کہاکہ جرمن حکومت کو بلجیم میں قائم ان دو ایٹمی پلانٹس پر تحفظات ہیں، جن میں حادثے کا شکار ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ ہینڈرکس نے برسلز حکومت سے کہا کہ جب تک ان ری ایکٹرز کی سکیورٹی سے متعلق تحفظات دور نہیں ہوتے، تب تک انہیں بند رکھا جائے۔ ہنڈرکس نے کہاکہ جرمنی کا آزاد ’ری ایکٹر سیفٹی کمیشن‘ RSK تصدیق نہیں کر سکا ہے کہ کسی ممکنہ حادثے کے نتیجے میں ان دونوں جوہری پلانٹس کو مناسب طریقے سے بند کیا جا سکتا ہے۔جرمن وزیر ماحولیات باربرا ہینڈرکس نے کہاکہ اس لیے میرے خیال میں ہمیں ان ری ایکٹرز کے مکمل محفوظ ہونے کے بارے میں مزید ٹیسٹ کرانا چاہییں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح برلن کو احساس ہو سکے گا کہ برسلز حکومت اس کے تحفظات کو مناسب توجہ دے رہی ہے۔