نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے امریکہ کیساتھ فوجی اڈوں کے استعمال کیلئے معاہدہ کرنے کے حکومتی فیصلے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ ملک کیلئے تباہ کن ہے ٗ روس اور چین کیساتھ بھارت کا اسٹریٹیجک توازن بگڑجائے گا غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی نے بھارت اور امریکہ کے درمیان مجوزہ فوجی معاہدے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے روس اور چین کیساتھ بھارت کا اسٹریٹیجک توازن بگڑجائے گا ۔ کانگریس نے اس معاہدے کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو اس معاہدے کے لئے تیار نہیں ہونا چاہئے تھا کانگریس کے ترجمان آنندشرمانے نئی دہلی میں کانگریس کے آفس میں پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ یہ معاہدہ کسی دوسرے دوست ملک کی قیمت پر نہیں کیا جانا چاہئے اور مودی حکومت کو کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں ، ماضی میں پیش کی گئی تجاویز کو مستردکرنے کی حکمت عملی کا احترام کرنا چاہئے کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے کہاکہ ایسے معاہدوں سے ہماری اسٹریٹیجک تیاریاں اور حکمت عملی متاثر ہوسکتی ہے اس سے پہلے کانگریس کے ایک اور سینیئر لیڈر اور سابق وزیردفاع اے کے انتھونی نے اس معاہدے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ معاہدہ ملک کے لئے تباہ کن ثابت ہوگا اپنے دور اقتدار میں اس معاہدے کی کوششوں کو ناکام بنانے والے بھارت کے سابق وزیردفاع اے کے انتھونی نے انتہائی سخت الفاظ میں مودی حکومت کے اس مجوزہ اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ملک کی آزاد خارجہ پالیسی اور حکمت عملی پر مبنی خود مختاری کے اختتام کا آغاز ہے ۔