تہران(نیوزڈیسک)ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے عالمی امور نے کہا ہے کہ بشار الاسد شام کے آئینی صدر ہیں اور صدر اسد کی مدت صدارت کے اختتام تک تہران ان کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ بشارالاسد کو اقتدار سے ہٹانے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ صدر اسد اس وقت تک منصب صدارت پر فائز رہیں گے جب تک آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔ ان کا دفاع ایران کی ذمہ داری ہے۔شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ تہران سرکار نے صدر بشارالاسد کے خلاف جاری عوامی انقلاب کی تحریک کچلنے کے لیے عملی طور پر بھرپور تعاون اور مدد کی ہے۔ اسد رجیم کو سقوط سے بچانے کے لیے ایران کی جانب سے پاسداران انقلاب کی ایلیٹ فورسز کے کمانڈوز تک بھیجے جا چکے ہیں۔شام میں روس اور ایران کے موقف میں ہم آہنگی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ولایتی کا کہنا تھا کہ جو ملک بھی ایران کے مفادات کے تحفظ کے مطابق ڈیل کرے گا تہران بھی اس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔