پیرس (نیوز ڈیسک)فرانس میں نقاب پر پابندی کو پانچ سال ہو گئے ہیں۔ کئی حلقے کہتے ہیں کہ اس سے معاشرے میں تقسیم اور گہری ہو گئی ہے۔ تاہم ایک شخص ایسا ہے جس نے انسانی حقوق کے نام پر اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے جرمانے ادا کیے ہیں۔ رشید نکاز فرانس میں پیدا اور پروان چڑھے ہیں جبکہ ان کے والدین کا تعلق الجزائر سے تھا۔ وہ جب بھی جنوبی فرانس میں قائم دفتر محصولات کے منشی کے پاس جرمانہ ادا کرنے جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے کسی پرانے دوست سے ملاقات کر رہے ہوں۔ اس دوران ان دونوں کے درمیان ہنسی مذاق ہوتا ہے بلکہ نکاز کمرے میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بھی سب جانتے ہیں۔ رشید نکاز اس دفتر میں باقاعدگی سے آتے ہیں۔ یہ 150یورو کا وہ جرمانہ ادا کرنے اس دفتر کا رخ کرتے ہیں، جو نقاب کرنے والی خواتین پر عائد کیا جاتا ہے۔ وہ پانچ برسوں سے عائد اس پابندی کے دوران 1089 مرتبہ نقاب والی خواتین کے جرمانے ادا کر چکے ہیں۔