واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی جنرلوں نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان پر زور دیا ہے۔ امریکا کے تین اعلیٰ کمانڈرز نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے، ساتھ ہی انہوں نے اوباما انتظامیہ کی طرف سے پاکستان کی امداد جاری رکھنے کے فیصلے کی بھی حمایت کردی۔ امریکی سینیٹ کام کے نامزد سربراہ اور امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے ارکان مقننہ کو بتایاکہ پاکستان کے پاس حقانی نیٹ ورک تک پیغام رسانی کا ذریعہ ہے اور اس بات کی نشاندہی کرنے کا بھی ذریعہ کہ وہ افغانستان میں انتشار پید ا کرنے کا موجب بن رہے ہیں، اس لیے میرے خیال میں ہمیں اس مخصوص تنظیم پر ان کے اثرورسوخ کو استعمال کرنا چاہیے تاکہ اسے ان کارروائیوں سے روکا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ آرمڈ فورسز کمیٹی کے روبرو بیان قلمبند کراتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر اثرورسو خ کا عنصر کارگر نہ رہے تو پاکستان کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، سیکورٹی آپریشنز کرنے چاہیے، اور انہیں سرحد پار آنے اور افغانستان میں اثر پذیر رہنے سے روکنا چاہیے۔ دوسری جانب پاکستان پہلے ہی کہہ چکا ہیکہ حقانی نیٹ ورک کو تہہ و بالا کردیا گیاہے، اس کے رہنما مفرور ہیں اوران میں سے زیادہ تر افغانستان کے باہر سے کارروائیاں کررہے ہیں۔ جنگ رپورٹر واجد علی سید کے مطابق جنرل ووٹل نے مزیدکہاکہ چند مرتبہ پا کستا ن کی جانب سے سرحد کیساتھ جارحانہ کارروائیاں دیکھی گئیں ہیں، اس کی جارحانہ کارروائیوں کے باعث کئی جنگجو افغانستان میں داخل ہونے پر مجبور ہوئے ، جس کی وجہ سے وہاں پر جاری انتشار میں مزید اضافہ ہوا، لیکن ساتھ ہی ہمارے لیے بھی مستفید ہونے کیلئے مواقع پیدا ہوئے۔