گورداسپور(نیوزڈیسک) بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ، دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والا بھارت اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ بھارتی پنجاب کے شہر گورداسپور میں حملہ ہوتے ہی بھارت نے پاکستان کے خلاف الزام تراشی کا گھِسا پِٹا راگ الاپنا بھی شروع کر دیا۔ پولیس وردی میں ملبوس حملہ آوروں نے دینا نگر کے علاقے میں پولیس سٹیشن پر حملہ کیا جس میں ایس پی سمیت 13 افراد مارے گئے جبکہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دہشتگردوں کے سرپرست بھارت نے تحقیقات کئے بغیر ہی حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی مذموم کوششیں شروع کر دی ہیں۔ تفتیش اور انویسٹی گیشن ہونے سے پہلے ہی بھارتی میڈیا ان افراد کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کے لئے قلا بازیاں لگانے لگا۔ بھارتی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آور پاکستان سے جموں وکشمیر اور وہاں سے پنجاب آئے۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز بھی اپنی نالائقی پر پردہ ڈالنے کے لئے پاکستان پر پشت پناہی کا الزام لگا کر خود بری الذمہ ہونے لگی ہیں۔ بھارتی وزیر جتندرا سنگھ نے بھی اپنے سیکورٹی اہلکاروں کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے میں مصروف ہو گئے۔ بھارتی وزیر داخلہ نے حملے کے بعد سرحد پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ دوسری طرف پٹھان کوٹ اور امرتسر ریلوے ٹریک پر پانچ بم برآمد کئے گئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔