لندن(این این آئی) دنیا کا سب سے بڑا خرگوش چوری ہو گیا ہے۔ ایوارڈ یافتہ خرگوش اپنی مالکن کے گھر سے دو دن قبل لاپتہ ہوا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چار فٹ لمبا خرگوش ہفتہ کی رات سے لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ خرگوش کی گمشدگی سے علاقہ پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ڈیریئس نام کے خرگوش کی مالکن اینیٹے ایڈورڈز نے اعلان کیا کہ
ان کے چوری یا لاپتہ ہونے والے خرگوش کو واپس لانے والے شخص کو انعام کے طور پر ایک ہزار برطانوی پانڈز دیے جائیں گے۔خرگوش کی مالکن اینیٹے ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ اس کے لیے یہ نہایت افسوس کا دن ہے۔2010 میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے چار فٹ دو انچ لمبا، دنیا کا سب سے طویل خرگوش قرار دیا تھا۔مقامی پولیس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ خرگوش کو باغ کی چہاردیواری سے چوری کیا گیا ہے جو مالکن کے گھر میں ہے۔دلچسپ بات ہے کہ اپریل 2017 میں اس خرگوش کی شادی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ایسٹر کے موقع پر ڈیریئس کی شادی ہنی نامی خرگوشنی سے کی گئی تھی جو تین فٹ گیارہ انچ لمبی تھی۔ ہنی نامی خرگوشنی کو دنیا کی سب سے طویل خرگوشنی قرار دیا گیا تھا۔