ٹوکیو(این این آئی)جاپان کی ایک یونیورسٹی نے سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کی نشے کی لعنت سے چھٹکارا پانے کے لیے ان کے یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔جنوب مغربی جاپان کی ناگا ساکی یونیورسٹی کے ترجمان یوسو تاکاکورا نے کہا کہ ہماراخیال ہے کہ سیگریٹ نوشی تدریسی عمل کے خلاف ہے۔ سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کے جامعہ میں داخلے پر پابندی سے شہری آزادیوں کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جا پان میں ناگا ساکی یونیورسٹی اپنی نوعیت کی
پہلی درسگاہ ہے جس میں سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کے داخلے پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سگریٹ نوشی کرنیوالے اساتذہ کو آئندہ اگست تک کی مہلت دی جائے گی اور اس کے بعد یونیورسٹی کے دروازے ہر اس پروفیسر اور استاد پر بند کردیئے جائیں گے جس جو سگریٹ نوشی ترک نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ جاپان کے کئی شہروں میں مقامی حکومتوں نے پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کو ممنوع قرار دے رکھا ہے تاہم کسی تعلیمی ادارے میں اس طرح کی پابندی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔