لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی 7 سالہ طالبعلم کلائے واٹرکے گوگل کو خط نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق مستقبل کیلئے فکر مند برطانیہ کی رہائشی 7 سالہ طالبعلم بچی نے گوگل کے سی ای او سندر پچائی کو خط میں لکھا ہے مجھے کمپیوٹر بھی پسند ہے اور میں ٹیبلٹ پر گیمز بھی کھیلتی ہوں، کیا مجھے گوگل میں ملازمت ملے گی؟ برطانیہ کی اس سات سالہ بچی نے گوگل
میں ملازمت کے علاوہ سندر پچائی کو اپنی خواہشات بھی بتائیں۔ کلائے کا خط میں کہنا تھا کہ میں چاکلیٹ فیکٹری میں کام بھی کرنا چاہتی ہوں اور میری خواہش ہے کہ میں اولمپکس کے سوئمنگ مقابلوں میں بھی حصہ لوں۔ گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کلائے کے خط پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا کہ کلائے کو ٹیکنالوجی میں دلچسپی ہے جو اچھی بات ہے۔ سندر پچائی نے کہا کہ اگر آپ محنت کرتی رہیں تو آپ کی ساری خواہشات پوری ہو جائیں گی۔ مجھے اس دن کا انتظار ہے جب آپ تعلیم پوری کرکے مجھے نوکری کیلئے درخواست دیں گی۔