ٹوکیو (این این آئی) جاپانی ماہرین نے کہاہے کہ کورونا کے علاوہ انفلوئنزا وائرس جلد پر 1.8 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کی کیوٹو پریفیکچورل یونیورسٹی آف میڈیسن کی ایک ٹیم نے وبا سے بچنے کے لیے ہاتھ دھونے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے
ایک تحقیق کی ہے۔جرنل آف کلینیکل انفیکشیئس ڈیزیز میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنسدانوں نے جلد پر کورونا وائرس کے نمونوں کے ساتھ ساتھ انفلوئنزا وائرس کے نمونوں کا بھی تجربہ کیا۔تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وائرس جلد پر 9 گھنٹے جب کہ انفلوئنزا وائرس جلد پر تقریباً پونے دو گھنٹے یعنی 1.8 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔دوسری جانب سائنسدانوں نے بتایا کہ جب کورونا وئرس کو اپر ریسپائریٹری ٹریک سے حاصل کیے جانے والے بلغم کے ساتھ ملا کر جانچا گیا تو یہ 11 گھنٹوں تک زندہ رہا۔سائنسدانوں نے بتایا کہ دونوں وائرس 80 فیصد الکوحل والے ہینڈ سینیٹائزر لگانے کے بعد 15 سیکنڈز کے اندر اندر ہی ختم ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ اس تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھ کی صفائی بے حد ضروری ہے۔