اسلام آباد(آن لائن) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کورونا وائرس کے مثبت کیسز کے سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں دو تعلیمی اداروں کو فوری طور پر سیل کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد
کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سیل کئے جانے والے اداروں میں نمل یونیورسٹی کیمپس و ہاسٹل اور پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول و کالج چک شہزاد اسلام آباد کیمپس و ہاسٹل شامل ہیں۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، وزارت قومی صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے دو مثبت کیسز کی تصدیق اور وباء کے رجحان کے جائزے کے بعد وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے نمل یونیورسٹی کیمپس و ہاسٹل اور پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول و کالج چک شہزاد اسلام آباد کیمپس و ہاسٹل کو فوری بنیادوں پر وسیع تر عوامی مفاد میں غیر معینہ مدت کے لئے سیل کرنے کے احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ انڈسٹریل ایریا اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ کورال کو احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ مقامی پولیس ان اداروں کی حدود کو حصار میں لے گی تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی وائرس کو مزید پھلینے سے روکا جا سکے۔