پشاور(این این آئی) محکمہ صحت نے پشاور میں بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنیادی مراکز صحت کو مکمل فعال بنانے اور ان میں بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اعداد وشمار اکٹھے کرنے کے
بعد اقدامات اٹھانے شروع کر دئیے گئے ہیں۔ بنیادی ہیلتھ کیئر سہولیات کی تجدید کے لیے چھ بنیادی ترجیحات طے کر لی گئی ہیں۔ اس امر کا اعلان صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کی زیر صدارت محکمہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پشاور میں موجود بنیادی ہیلتھ کیئر مراکز، ان میں دستیاب سہولیات، عملے، عمارت اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کا اپنی استعداد کے مطابق مکمل فعال ہونا ضروری ہے۔ پشاور میں بنیادی ہیلتھ کیئر مراکز کی تجدید کی چھ ترجیحات بھی طے کی گئیں جن میں بی ایچ یوز کی عمارتوں کی ضروری مرمت اور تزئین و آرائش اور زنانہ و مردانہ علیحدہ واش رومز کی فراہمی یقینی بنانا، میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی اور دستیابی، تمام ضروری ادویات کی فراہمی، اہم طبی آلات کی دستیابی، طبی ٹیسٹوں کی سہولت کی فراہمی شامل ہیں۔ وزیر صحت و خزانہ نے محکمہ صحت حکام کو ہدایت کی کہ مندرجہ بالا امور کو اگلے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔