اسلام آباد(اے پی پی) تحقیق کے مطابق بال رنگنے اور سیدھا کرنے سے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق بالوں کو رنگ کرنے اور سیدھا کرنے والی مصنوعات کے استعمال سے خواتین میں چھاتی کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوران تحقیق سیاہ فام اور سفید فام خواتین جو بالوں کا رنگ مستقل طور پر بدلنے والی مصنوعات استعمال کرتی تھیں اور کم از کم ایک برس تک انہوں نے اپنے بالوں کیلئے ڈائینگ اور سیدھا کرنے والی مصنوعات استعمال کیں جس کے بعد ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ محققین نے کہا ہے کہ ایسی مصنوعات کے استعمال اور چھاتی کے سرطان میں براہ راست تعلق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالوں کے لیے دستیاب مصنوعات میں اینڈوکرین ڈسرپٹرز استعمال کیے جاتے ہیں جو ممکنہ طور پر سرطان کا سبب بنتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ سیاہ بالوں کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات میں ایسے کیمائی اجزا کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لیے انہیں استعمال کرنے والی خواتین کے سرطان میں مبتلا ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔