پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا میں اکتوبر سے جنوری 2021 تک تمام خاندانوں کو مفت صحت سہولت فراہم کی جائے گی، صحت سہولت صحت کارڈ کے بجائے قومی شناختی کارڈ پر دی جائے گی۔ڈائریکٹر صحت سہولت پروگرام ڈاکٹر ریاض تنولی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ
خیبرپختونخوا میں صحت سہولت کارڈز کا دائرہ کار تمام خاندانوں تک بڑھا رہے ہیں، چار مرحلوں میں صحت سہولت پروگرام پورے صوبہ تک پھیلایا جائے گا۔ڈاکٹر ریاض تنولی نے کہا کہ اس بار صحت سہولت کارڈ نہیں بلکہ شناختی کارڈ پر صحت سہولت دی جائے گی۔ اکتوبر میں مالاکنڈ ڈویژن اور نومبر میں ہزارہ ڈویڑن میں صحت سہولت پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ دسمبر میں مردان اور پشاور ڈویڑنز میں صحت سہولت پروگرام شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فی خاندان کے عوض انشورنس کمپنی کو 2850 روپے سالانہ ادا کرے گی۔ انشورنس کمپنی فی خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر ریاض تنولی نے کہاکہ اکتوبر کے آخر تک وزیراعظم یا وزیراعلیٰ صحت سہولت پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ ہر خاندان کی نادرا کے ساتھ رجسٹریشن ہونا لازمی ہوگی۔