کراچی(این این آئی)وفاقی وزارت صحت نے کہاہے کہ پاکستان میں ریسرچ اسٹڈی کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 11 فیصد پاکستانیوں میں کرونا وائرس کیخلاف قوت مدافعت پیدا ہوئی۔وزارت صحت نے بتایا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے رواں برس جولائی میں شروع کی گئی نیشنل سیروپریویلنینس اسٹڈی مکمل ہوگئی ہے۔اس اسٹڈی کا انعقاد عالمی ادارہ صحت اور اے کے کیو کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔اسٹڈی میں لوگوں میں کرونا وائرس کیخلاف قائم اینٹی باڈی کی شرح کو جانچا گیا۔
اسٹڈی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک میں ہر دسویں پاکستانی میں کرونا کیخلاف اینٹی باڈیز بن چکی ہیں،اینٹی باڈی کی شرح زیادہ تر نوجوانوں جبکہ بچوں اور بوڑھوں میں کم رہی۔اسٹڈی میں خبردار کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر میں بوڑھے افراد ہائی رسک پر ہوسکتے ہیں۔ہاتھوں کو دھونا اور ماسک کا استعمال جولائی میں 60 سے 70 فیصد تک رہا۔اسٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ قوتِ مدافعت کی کم شرح والے ایریاز کرونا کے حوالے سے ہائی رسک پر موجود ہیں۔