اسلام آباد(آن لائن) پاکستان اکانومی واچ کے صدر اور ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس نے ہیلتھ مافیا کو لوٹ مار کا موقع فراہم کیا۔متاثرہ افراد کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کا ٹیرف فکس کیا جائے۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وبا کے بعد سے فارما اور ہیلتھ مافیا بھی پر نکال رہی ہے اور نجی
ہسپتال عوام کی کھال اتارنے میں مصروف ہیں۔بعض افراد فی مریض بارہ لاکھ روپے ایڈوانس وصول کر رہے ہیں جو عوام کا زبردست استحصال ہے۔ڈاکٹر مسیحا نہیں بلکہ قصائی بن چکے ہیں۔وبا بڑھنے کے ساتھ صحت کے شعبہ میں لوٹ مار بھی بڑھ رہی ہے جن کے پیچ کسنے کی ضرورت ہے۔حکومت نجی ہسپتالوں کی مختلف خدمات اور لیبارٹری ٹیسٹ کی فیس طے کرے کے اس کا اعلان کرے تاکہ موجودہ تشویشناک صورتحال میں عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بند ہو۔