اسلام آباد ،لاہور،فیصل آباد، جھنگ، ملتان(آن لائن) لاہور میںسموگ سے 1200سے زائد افراد متاثر ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ، ان مریضوں میں زیادہ تر سانس ،آنکھوں اور گلہ کے امراض کی علامات پائی گئی ہیں، پنجاب کے مختلف علاقوںمیں دھند کے باعث نزلہ زکام اور کھانسی جیسی بیماری پھوٹنے لگیں جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے گرد آلود دھند کا سلسلہ مزید 6 روز برقرار رہے گا،خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر برف باری، بالائی علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی،آئندہ 10روز تک بارش کا امکان نہیں۔ لاہور میں سموگ مکمل طور پر ختم نہ ہو سکی ، صبح کے اوقات میں سموگ میں کمی اور شام میں اس کی شدت بڑھ جاتی ہے ، سموگ سے بارہ سو سے زائد افراد متاثر ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ۔ دوسری طرف پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے،اس صورتحال کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی اپیل ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری ماسک پہنیں اور آنکھیں بار بار دھوئیں ۔ اب تک سموگ سے 1200 سے زائد افراد متاثر ہو کر مختلف ہسپتالوں میں پہنچے ہیں جنہیں آنکھوں میں سوزش ، گلے کی بیماری اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات ہیں ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بری خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دس روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں اور گرد آلود دھند کا سلسلہ بھی مزید6دن تک جاری رہے گا ۔ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے اور وسطی پنجاب اور سندھ میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود دھند کا سلسلہ مزید ایک ہفتے جاری رہنیکا امکان ہے ، ملک کے بیشتر میدانی اور بالائی علاقے سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہیں ۔پنجاب کے بعض علاقوں میں صبح اور رات کے وقت چھانے والی دھند نے ڈرائیوروں کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔ پنجاب میں ملتان،جھنگ ، فیصل آباد ،چیچہ وطنی، گوجرانوالہ ، جہانیاں اور ملحقہ علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نظر انتہائی کم ہے ۔سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی ہلکی دھند ہے ، بلوچستان کے بالائی اور شمال مشرقی علاقوں میں موسم بتدریج سرد ہوتا جا رہا ہے، ملک کیبالائی علاقوں میں بارش اور ہلکی برف باری کے بعد موسم کافی سرد ہوگیا ہے۔ادھرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگا۔فورکاسٹنگ آفیسر محمد ایاز کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگاتاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ صبح اور شام کے اوقات میں فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ملتان، بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں گرد آلود دھند پڑنے کا امکان ہے۔ان کا مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم مالاکنڈ ڈویژن میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ05، لوہردیر، سیدو شریف04، کالام میں 03ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل آباد، سرگودھا اور لاہور ڈویژن کے علاقوں میں دھند پڑی۔آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت: سکردو، استور، قلات 01، راولاکوٹ اور کالام 02جبکہ لاہور میں کم سے کم 14، اسلام آباد 10، کراچی 19 ، پشاور 13، گلگت 04، ہنزہ چترال اور کوئٹہ میں 03ڈگری تک رہنے کا امکا ن ہے ۔