پاکستان: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دو مختلف واقعات میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ‘ بحرین جانے والے مسافر سے 2کلو ہیروئن کی برآمدگی پر اسے گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس کو مطلوب شہری کو بھی گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ہفتہ کو پہلے واقعہ میں ملزم خائستہ رحمان بے نظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بحرین جا رہا تھا۔ تلاشی لینے پرسامان سے دو کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی،عالمی مارکیٹ میں ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ اے این ایف نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ملزم خائستہ رحمان کا تعلق سوات سے بتایا جاتا ہے۔جبکہ ایک اور واقعہ میں دوحہ سے اسلام آباد پہنچنے والے قتل کے ملزم محمد اکرم کو حراست میں لے لیاگیا۔ اکرم کا نام ای سی ایل میں شامل تھا۔بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آج صبح قطر سے پاکستان پہنچے والے مسافرکو ایمگریشن حکام نے حراست میں لے لیا۔ مسافر محمد اکرم کا تعلق گجرات سے بتایا جاتا ہے جو پولیس کو قتل کیس میں مطلوب تھا۔ ایمگریشن حکام نے ملزم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا جس سے مذید تفتیش جاری ہے۔