لاہور۔۔۔۔ قومی ٹیم کے جادوگر اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ان کے پہلے بھی تمام فیصلے ملک و ٹیم کے مفاد میں تھے اور آئندہ بھی ان کا ہر فیصلہ ملک اور ٹیم کے مفاد میں ہوگا جبکہ ان کا کرکٹ بورڈ سے کسی معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ میں اپنے مداحوں کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کے میں محفوظ ہاتھوں میں ہوں اور میرے مفادات اور خواہشات کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کے چیرمین شہریار خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔پی سی بی کی جانب سے بولنگ ٹیسٹ کی خواہش کو رد کئے جانے کے حوالے سے سعید اجمل نے کہا کہ ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا کرکٹ بورڈ سے کسی معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعید اجمل نے بولنگ ایکشن کا بائیو میکنک ٹیسٹ نہ کروانے اور ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔