ممبئی (این این آئی)بالی وڈ کے سینئر اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا کی اپنے ہونے والے داماد ظہیر اقبال کے ساتھ ویڈیو منظر عام پر آگئی۔چند روز قبل بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے شادی کا اعلان کیا تھا اورسوناکشی اور طہیر (آج) 23 جون کو ممبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔سوناکشی سنہا کی ظہیر اقبال سے شادی کے اعلان کے بعد سنہا خاندان میں پھوٹ پڑنے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور بھارتی میڈیا میں بتایا جارہا تھا کہ سنہا خاندان کا کوئی فرد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کرے گا۔
تاہم گزشتہ روز ان خبروں کی تردید خود شتروگن سنہا نے کی اور کہا کہ وہ بیٹی کی شادی میں شرکت کریں گے اور اپنی پیاری بیٹی کو دعائیں دیں گے۔اب بھارتی میڈیا میں شتروگن سنہا کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں اپنے ہونے والے داماد ظہیر اقبال کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے اور دونوں خوشی سے میڈیا کے سامنے تصاویر بنوا رہے ہیں۔