اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی غفلت کا ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں پرواز میں سیٹوں سے زیادہ مسافر سوار کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق نجی ایئرلائن کی اسلام آباد جانے والی پرواز پی اے 206 میں طیارے کی گنجائش سے دو اضافی افراد کو سوار کرا دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جب کپتان کو پتہ چلا کہ طیارے میں مقررہ نشستوں سے زیادہ مسافر موجود ہیں تو انہوں نے اس پر سخت اعتراض کیا۔ بتایا گیا ہے کہ طیارہ اڑان کے لیے ٹیکسی کر رہا تھا جب کپتان کو یہ اطلاع ملی، جس کے بعد انہوں نے فوراً جہاز کو واپس پارکنگ ایریا میں لانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اضافی مسافر ایئرلائن کے اپنے ملازمین تھے، جنہیں باقاعدہ اجازت کے بغیر طیارے میں بٹھا دیا گیا تھا۔
پائلٹ کی ہدایت پر اضافی مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا، جس کے بعد پرواز کو دوبارہ روانہ کیا گیا۔ اس دوران پرواز جو شام 5 بجے روانہ ہونی تھی، تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو گئی۔
اس واقعے کے باعث طیارے میں سوار 170 سے زائد مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس غیر معمولی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔














































