اسلام آباد (نیوز ڈ یسک ) پنجاب حکومت نے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے صنعتی شعبے کا نیا سروے کرانے اور ہنرمند نوجوانوں کے لیے “مریم نواز فری پرواز کارڈ” جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ہنرمند پروگرام کے تحت چند ماہ کے دوران 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوانوں کی تربیت مکمل کی گئی۔ ان میں سے 75 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار ملا، جب کہ 15 ہزار افراد نے غیر ملکی اداروں میں ملازمتیں حاصل کیں۔
مزید بتایا گیا کہ ٹیوٹا کے تربیتی اداروں سے 27 ہزار سے زائد نوجوانوں نے روزگار حاصل کیا، جب کہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ذریعے 45 ہزار سے زیادہ نوجوان برسرِ روزگار ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبے میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صنعتی ترقی کے لیے نئی انڈسٹریل سروے رپورٹ تیار کی جائے گی اور ہنرمند نوجوانوں کو مریم نواز فری پرواز کارڈ فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے مواقع مل سکیں۔مزید بتایا گیا کہ پروگرام “میں ڈیجیٹل” کے تحت 3 ہزار دیہی خواتین کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالہ، لودھراں اور فیصل آباد کی خواتین کو تربیت دی جائے گی، جبکہ یکم اپریل 2026 تک 2100 سے زائد خواتین کو آئی ٹی کے شعبے میں ہنر سکھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔















































