کراچی (این این آئی) ایم جی پاکستان نے دو مقبول الیکٹرک گاڑیوں پر محدود مدت کیلئے خصوصی رعایت کا اعلان کردیا جس کے تحت خریدار فی گاڑی 13 لاکھ روپے سے زائد بچت کرسکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ رعایت ایم جی 4 ایکسائٹ اور ایم جی زیڈ ایس ای وی شارٹ رینج ماڈلز پر لاگو ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین الیکٹرک گاڑیوں سے مستفید ہو سکیں۔
کمپنی کے مطابق ایم جی 4 ایکسائٹ کی قیمت 13 لاکھ 9 ہزار روپے کم کر دی گئی ہے جس کے بعد اب یہ گاڑی محدود مدت کیلئے 97 لاکھ 99 ہزار روپے کی بجائے 84 لاکھ 90 ہزار روپے میں حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ ایم جی زیڈ ایس ای وی شارٹ رینج کی قیمت میں بھی 13 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار سے کم ہو کر 96 لاکھ 90 ہزار روپے پر آگئی ہے۔کمپنی کے مطابق یہ آفر صرف محدود تعداد میں گاڑیوں کے لیے ہے اور اس کی مدت کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے دلچسپی رکھنے والے صارفین جلد بکنگ کروا سکتے ہیں۔ ایم جی پاکستان نے کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے زیادہ صارفین کو الیکٹرک موبلٹی کی طرف راغب کیا جا سکے گا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کے فروغ میں مدد ملے گی۔