اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک بار پھر سوزوکی مہران کی واپسی کی خبریں زیرِ گردش ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ گاڑی ایک نئے انداز اور جدید ڈیزائن کے ساتھ مارکیٹ میں دوبارہ آ رہی ہے۔ تاہم پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔
کمپنی کے مطابق، سوزوکی مہران کی دوبارہ لانچنگ سے متعلق نہ تو کوئی منصوبہ بنایا گیا ہے اور نہ ہی کمپنی کے پاس اس حوالے سے کوئی ارادہ موجود ہے۔
یہ افواہیں دراصل مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی کچھ ویڈیوز اور تصاویر کے نتیجے میں پھیلیں، جن میں “Mehran 2025” کے عنوان سے ایک نئی چھوٹی گاڑی کو دکھایا گیا۔ ویڈیوز میں گاڑی کا ڈیزائن اس قدر جدید اور حقیقت سے قریب تھا کہ صارفین اسے سچ مان بیٹھے۔
ان وائرل ویڈیوز میں ایک کی کار (Kei Car) کو “نئی سوزوکی مہران” کا نام دیا گیا، جس نے صارفین کی دلچسپی میں اضافہ کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ تصاویر اور کلپس انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئیں۔
پاک سوزوکی نے ان ویڈیوز اور افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جعلی اور گمراہ کن معلومات پر یقین نہ کریں۔
واضح رہے کہ سوزوکی مہران کو 2019 میں پروڈکشن سے ہٹا دیا گیا تھا، اور اس کی جگہ کمپنی نے نئے ماڈلز جیسے کہ سوزوکی آلٹو کو متعارف کروایا۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے، مہران کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔