مکو آ نہ (این این آئی)پنجاب حکومت نے صوبے کے 4500 ہسپتال نادرا نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے فیصل آباد سمیت صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 4500 سے زائد سرکاری ہسپتالوں اور دیہی صحت مراکز کو نادرا کے جدید نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ اس مقصد کے تحت نادرا نے اپنے سیول رجسٹریشن اینڈ وائٹل اسٹیٹسٹکس (CRVS) سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے مختلف ریجنل ہیڈ آفسز کے تحت متعدد ہسپتالوں میں جدید آلات اور سہولیات فراہم کر دی ہیں، اس اقدام کے نتیجے میں قصور، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتال نادرا کے جدید CRVS سسٹم سے کامیابی کے ساتھ منسلک ہو چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ دیگر اضلاع میں بھی مرحلہ وار کام جاری ہے، نئے نظام کے تحت بچوں کی پیدائش اور شہریوں کی وفات کی اطلاع براہِ راست یونین کونسلز اور نادرا کو موصول ہوگی، حکومتی اقدام سے اندراج کا عمل ناصرف تیز بلکہ شفاف بھی ہو جائے گا، اس منصوبے سے قومی ڈیٹا کی درستگی میں بہتری آئے گی، عوام کو قانونی دستاویزات کے حصول میں سہولت ملے گی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق شہری رجسٹریشن کا نظام مضبوط ہو سکے گا۔















































