اسلام آباد (نیوز ڈیسک )دعوتِ ولیمہ کے دوران بانیٔ تحریک انصاف عمران خان کی تصویر دکھانے اور نعرے بازی کے واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو پارٹی عہدیداروں سمیت مجموعی طور پر سات پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی راہوالی کے رہنما چاچا زاہد ملک کے بھائی ملک حسن کی شادی کی تقریب مقامی مارکی میں منعقد ہوئی تھی، جس میں اہلِ خانہ، رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے مقامی کارکنان، عہدیدار اور ایک ایم پی اے بھی شریک تھے۔
تقریب کے دوران اچانک ایک کارکن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بڑی تصویر لہرا دی، جس کے بعد وہاں موجود افراد نے جذباتی نعرے لگانا شروع کر دیے۔ تقریب کے اختتام پر کینٹ پولیس نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور رات گئے تک دو پارٹی عہدیداروں سمیت سات کارکنوں کو گرفتار کر کے امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سینئر نائب تحصیل صدر طارق محمود وڑائچ، جنرل سیکرٹری کینٹ مرزا عمران بیگ، دولہا کے بھائی چاچا زاہد ملک، افتخار احمد ڈانجہ، کریم حسن بھنڈر، ایاز مہر اور ذیشان اقبال شامل ہیں۔














































