لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ اضافے کی سمری کو منظور نہ کیا جائے ، پاکستان میں بجلی
اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے پیداواری لاگت بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے سے لامحالہ مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے نچلا طبقہ بری طرح متاثر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم کی قیمتوںمیں اضافے کے فارمولے میں تبدیلی کرے اور اسے پاکستان کے زمینی حقائق کے مطابق ترتیب دیا جائے ۔ حکومت پیٹرولیم پر وصول کئے جانے والے ٹیکسزمیں بھی کمی کرے اور انہیں ایک سطح پر منجمدکیاجائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جس سے مہنگائی کی شرح بڑھنے سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے ۔