اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں کسی قسم کا ردوبدل نہ کرتے ہوئے انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 100 روپے 69 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے، مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے فی لٹر پر برقرار ہے۔
تاہم ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ڈیزل کی نئی قیمت 105 روپے 43 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پیٹرولیم ڈویژن کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری ارسال کی تھی۔ جس کے بعد پیٹرول دو روپے پچاس پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی دو روپے پچاس پیسے تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ وفاقی حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے اکہتر پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے کمی کی گئی تھی۔اس اعلان کے بعد پیٹرول کی قیمت 100 روپے 69 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 101 روپے 43 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے برقرار رکھی گئی تھی