لاہور (این این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور جعلی نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب کردی، ملزمان نے ویسپا موٹر سائیکلوں کے نمبر پر لوڈر ٹرک رجسٹر کردیے۔تفصیلات کے مطابق جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور جعلی
نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہوگئی۔ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ای ٹی او اور ایکسائز انسپکٹر سمیت 3 افسران کے خلاف پرچہ درج کرلیا گیا۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ مفاد کنندگان کی ملی بھگت کر کے جعلی نیلامی پر گاڑیاں رجسٹر کی گئیں، نیلامی کے لیے سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا، ملزمان نے جعلی اور بوگس واچر پر 465 گاڑیاں رجسٹر کیں۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق 30 ہزار جعلی لوڈر بسیں اور ٹرک مارکیٹ میں موجود ہیں، ویسپا اسکوٹر کے نمبر پر مارکیٹ میں ٹرک چل رہے ہیں۔ ایکسائز ریکارڈ میں واسا کی موٹر سائیکل کے نمبر پر لوڈر ٹرک چل رہا ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے پروگرامر سے مل کر سیریز منتقل کی، مقدمے میں نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔