کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے اور درآمدات میں کمی سے جاری کھاتوں کا توازن مسلسل دوسرے ماہ بھی مثبت رہا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مسلسل دو ماہ کے دوران بین الاقوامی وصولیوں کے سبب جاری کھاتوں کا توازن سرپلس رہا، اگست 2020 میں جاری کھاتے 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ جولائی 2020 میں 50 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سرپلس رہے،
اس کے مقابلے میں جولائی 2019 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔حکومت کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے کی کوششوں اور لچکدار ایکس چینج ریٹ سے درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہوا۔ مرکزی بینک کے جون میں جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ترسیلات زر میں رواں سال 6.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مارچ سے جون تک 7.8 فیصد بڑھوتوی دیکھنے میں آئی۔