لاہور( این این آئی )محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مختلف شکایات موصول ہونے پر شوگر ملزمالکان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ،پنجاب بھر سے 44شوگر ملز مالکان کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے مطابق صوبہ بھر سے
کسانوں کی مل مالکان کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیںاوردو ہفتوں میں شوگر مل مالکان کے خلاف 2507 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق کسانوں کو حکومت کے متعین کردہ ریٹ سے کم قیمت کے حوالے سے 1363 ،مل مالکان کی جانب سے ابھی تک کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی نہ ہونے کے حوالے سے 641شکایات اورمل مالکان کی جانب سے گنے کی غیر قانونی کٹوتی کے حوالے سے 503 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ گوہر نفیس نے کہا ہے کہ شوگر ملز کے حوالے سے زیادہ تر شکایات جنوبی پنجاب سے موصول ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن صوبہ بھر میں گنے کے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کھلی کچہریوں کا اہتمام کر رہا ہے،کسانوں کے ساتھ برسوں سے ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے گا ۔