کراچی(این این آئی)قو می ائرلائن نے معمر افراد کے لئے اپنے کرایوں میں 10 سے 20فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق قو می ایئرلائن (پی آئی اے)نے معمر افراد کے لئے اپنے کرایوں میں 10 فیصد سے لے کر 20فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے، اور اس حوالے سے
پی آئی اے انتظامیہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے کینیڈا سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے15 فیصد رعایت دی گئی ہے، جب کہ سکھر سے کراچی آنے والی پرواز کا یکطرفہ کرایہ 7 ہزار 900 روپے مقرر کیا گیا ہے، سکھر سے اسلام آباد کے لئے 10 ہزار روپے، جب کہ فیصل آباد سے کراچی آنے والی پرواز کے لئے 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچا کے اقدامات کے تحت ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، تاہم اب ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز نے اپنے فضائی آپریشن بحال کر دیے ہیں، تاہم مسافروں کی تعداد میں خاطر خوا کمی ہوگئی ہے، اور تمام ایئرلائنز مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی اعلانات کررہی ہیں۔