کراچی (این این آئی)گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ معطل ہوکر رہ گئی۔ایکسل لوڈ کا مسئلہ حکومت کیلئے شدید پریشانیوں کاسبب بننے لگا، گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک ہفتہ کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو 15 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلی وحیداحمد کے مطابق کینو، آلو اور پیاز کے 1400 کنٹینرز بندرگاہوں تک نہیں پہنچ سکے جبکہ ایکسپورث آرڈرز
منسوخ اور بھارت کی جانب منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔ وحیداحمد کا کہنا تھا کہ ہڑتال نے ایکسپورٹ بڑھانے اور ملک کیلئے غیرملکی زرمبادلہ کے لئے کی جانے والی سال بھر کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایکسل ویٹ کی مقررہ حد سے ایکسپورٹ کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔وحید احمد نے مزیدکہا کہ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کا فی الفور حل نکالا جائے ہڑتال سے برآمدات کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔