لاہور(این این آئی) وزارت تجارت کے مطابق رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارے میں 34.42 فیصد کمی ہوئی جس کے تحت درآمدات میں کمی جبکہ برآمدات میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔اعدادو شمار کے مطابق رواں سال جولائی تا نومبر درآمدات میں 19.27 فیصد کمی ہوئی جبکہ پہلے 5 ماہ کے دوران برآمدات میں 4.80 فیصد اضافہ ہوا۔جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 9 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا
جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز تھا۔وزارت تجارت کے اعدادو شمار کے مطابق رواں سال جولائی تا نومبر برآمدات 9 ارب 55 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔علاوہ ازیں رواں مالی سال جولائی تا نومبر درآمدات 19 ارب 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ صرف نومبر 2019 میں درآمدات میں 17.53 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔نومبر میں برآمدات 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں جبکہ گزشتہ سال نومبر میں برآمدات ایک ارب 84 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز تھیں اور صرف نومبر 2019 میں برآمدات میں 9.60 فیصد اضافہ ہوا۔اعدادو شمار کے مطابق نومبر میں درآمدات کا حجم 3 ارب 81 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ گزشتہ سال نومبر میں درآمدات 4 ارب 62 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز تھیں۔نومبر 2019 میں تجارتی خسارہ 35.50 فیصد کم رہا جبکہ نومبر میں تجارتی خسارہ ایک ارب 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا تھا، گزشتہ سال نومبر میں تجارتی خسارہ 2 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔نومبر 2019 کے دوران پاکستان کی برآمدات 9.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2.02 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ اسی دورانیے میں درآمدات میں 17.53 فیصد کمی ہوئی اور یہ 3.8 ارب ڈالر رہیں۔وزارت تجارت کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2018 میں 1.843 ارب ڈالر کی برآمدات جبکہ 4.626 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔
جولائی سے نومبر 2019 کے دوران ملکی برآمدات 9.55 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 9.113 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔اس طرح اس دورانیے میں 43.7 کروڑ ڈالر یا 4.8 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں 19.27 یعنی 4.546 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔گزشتہ سال اسی عرصے میں 23.59 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔اسی طرح اس دورانیے میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں بھی 34.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔