راولپنڈی (این این آئی)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے ریلوے میں میرٹ کو نظر انداز کرکے قرعہ اندازی کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل روکنے کا حکم دیتے ہوئے وزارت ریلوے کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔ منگل کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ریلوے میں میرٹ کو نظر انداز کرکے قرعہ اندازی کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا جبکہ درخواست پر
وزارت ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا گیا ۔ریلوے پریم یونین کے صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان کی درخواست پر یہ حکم امتناع جاری کیا گیا۔درخواست گزار کی جانب سے نیب کی سابق سپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قرعہ اندازی کی بنیاد پر بھرتیوں کا کوئی قانون نہیں ہے قرعہ اندازی کی بنیاد پر تقرریاں میرٹ اور قانون کے خلاف ہیں۔