اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے اضافی آمدن کیلئےدرآمدات پر ٹیکسوں میں اضافہ، مختلف اشیا پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور پٹرولیم مصنوعات پر معیاری جی ایس ٹی شرح کیلئے امکانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں دگرگوں اقتصادی حالت اور دوست ممالک سے خاطر خواہ امداد نہ ملنے کے بعد آئی ایم ایف سے قرضہ کا امکان بھی رد ہونے کے بعد اب حکومت نے اضافی آمدن
کیلئے رواں مالی سال قومی اسمبلی میں نیا مالیاتی بل متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اضافی آمدن کیلئے حکومت درآمدات پر ٹیکسوں میں اضافہ، مختلف اشیا پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور پٹرولیم مصنوعات پر معیاری جی ایس ٹی شرح کیلئے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اضافی آمدن کیلئے حکومت جن اقدامات پر غور کر رہی ہے اس میں نان فائلرز کیلئے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ بھی شامل ہے۔