اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 268 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 41 ہزار 246 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری دن کے آغاز سے ہی انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھا گیا جو اختتام سے قبل 41 ہزار 527 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔
پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 7 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کے 18 کروڑ حصص کی لین دین ہوئی۔ مجموعی طور پر 355 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 177 کی قدر میں اضافہ، 148 کی قیمتوں میں کمی اور 30 کی قدر میں استحکام رہا۔ سیمنٹ کا شعبہ 4 کروڑ 41 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ کاروباری حجم میں سرفہرست رہا۔ کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں پاور سیمنٹ لمیٹڈ 3 کروڑ 16 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، بینک آف پنجاب 1 کروڑ 57 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ 55 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے، پاکستان الیکٹران لمیٹڈ 55 لاکھ حصص کے ساتھ چوتھے جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ 51 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھی۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل تنزلی کی شکار اسٹاک مارکیٹ کو دباؤ سے نکالنے کے لیے مالیاتی اداروں نے سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے کھلنے سے والی مارکیٹ تنزلی کے گرداب سے نکل آئی ہے تاہم اس تیزی کو بھی عارضی قرار دیا جا رہا ہے۔