لاہور /کراچی (این این آئی)سندھ اور پنجاب کے دریاؤں میں غیر مقامی مچھلیوں نے تباہی مچا دی،حملہ آور نسل سے تعلق رکھنے والی یہ مچھلیاں عام طور پر گھروں کے ایکوریم کیلئے امپورٹ کی جاتی ہیں،اب تک 26 اقسام کی غیر ملکی مچھلیاں پاکستانی پانیوں میں پائی گئی ہیں، جو ناصرف مقامی مچھلیوں کو کھا رہی ہیں بلکہ مقامی مچھلیوں کی خوراک اور ان کی جگہ پر قبضہ کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دکھائی دی گئیں ان حملہ آور مچھلیوں میں لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والی ایمازون سیل فن کیٹ فش، پاکو اور سرخ پیٹ والی تلپیا مچھلیاں سرفہرست ہیں،ڈبلیو ڈبلیو ایف اور آبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان غیر مقامی مچھلی سے مقامی ایکو سسٹم تباہ ہوجائے گا۔ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ مچھلیاں کس طرح دریاوں میں پہنچی؟ ماہرین کے مطابق پاکستان میں ان مچھلیوں کی تعداد اتنی بڑھ چکی ہے کہ اسے ختم کرنا تقریباً ناممکن نظر آتا ہے۔














































