نیویارک(سی پی پی)ایمازون کمپنی کے بانی چیف بیزوز کی دولت میں صرف ایک روز کے دوران 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 26 اپریل 2018 کا دن اقتصادیات کی دنیا میں تاریخی دن قرار دیا گیا ہے اس دن دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت میں ایک ہی جھٹکے میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق آن لائن کاروبار کی مشہور ترین امریکی کمپنی ایمازون کے 54 سالہ چیئرمین جیف بیزوز کی دولت ایک کھرب 34 ارب ڈالر سے زائد ہے اور ان کی دولت ایک ہی روز میں 6.3 فی صد بڑھ گئی۔رپورٹ کے مطابق چیئرمین ایمازون خرید و فروخت میں فی گھنٹے کے حساب سے 50 کروڑ ڈالر، فی منٹ کے حساب سے 83 لاکھ 33 ہزار اور فی سیکنڈ کے حساب سے 1 لاکھ 39 ہزار ڈالر کماتے رہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں ان کے حصص کی قیمت 1 ہزار 614 ہے اور ایک روز میں ان کی دولت میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔بلوم برگ کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران بیزوز کی دولت میں 34 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ برس کے آخر میں ان کی دولت 1 کھرب ڈالر تھی جس میں اوسطا ہر ماہ 8 ارب 50 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو رہا ہے اوروہ اس طرح ہر روز کے حساب سے 20 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کما رہے ہیں۔ رواں ماہ اپریل میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اس کی مالیت 1 کھرب 34 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔دوسری جانب ایمازون کمپنی کی دولت میں اضافے کے ساتھ اس کے گاہکوں اور فروخت ہونے والے مصنوعات کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس اس کی فروخت ہونے والی مصنوعات کی تعداد 1 کھرب تک جا پہنچی تھی جب کہ اس کے آن لائن گاہکوں کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے۔