اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس لینے کی دھمکی پر افغانستان کے وزیر دفاع فصیح الدین فطرت نے سخت مؤقف اختیار کر لیا۔
اپنے بیان میں فصیح الدین فطرت نے واضح کیا کہ بگرام ایئربیس یا افغانستان کی کسی بھی زمین پر کسی قسم کا معاہدہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر سیاسی مفاہمت کے ذریعے بگرام ایئربیس امریکا کو دینا چاہتے ہیں، لیکن افغان سرزمین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکا کو بگرام ایئربیس نہیں چھوڑنی چاہیے تھی اور وہ اسے دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان نے ایئربیس امریکا کو واپس نہ دی تو اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ادھر حال ہی میں چین نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ صرف افغان عوام کو کرنا چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ بیجنگ خطے میں کسی قسم کی کشیدگی یا تناؤ کا حامی نہیں اور امید کرتا ہے کہ تمام فریق امن و استحکام کے فروغ میں کردار ادا کریں گے۔