اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے پر بھارتی اوپنر ابھشیک شرما کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر 74 رنز اسکور کیے، جن میں 6 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ابھشیک شرما نے بتایا کہ ان کی حکمتِ عملی بالکل سادہ تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ “جس طرح مخالف ٹیم ہمیں دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کر رہی تھی، مجھے وہ ہرگز پسند نہیں آیا، اس لیے میں نے انہیں اسی انداز میں جواب دینے کا فیصلہ کیا۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسکول کے دنوں سے شبمن گل کے ساتھ کھیلتے آ رہے ہیں اور عرصے سے اس طرح کی پارٹنرشپ کے خواہش مند تھے۔ ابھشیک کے مطابق ٹیم کے لیے جارحانہ کرکٹ کھیلنا نہایت ضروری ہے، اور اگرچہ یہ کھیل کا خطرناک انداز ہے، لیکن ساتھی کھلاڑیوں کی مکمل حمایت انہیں اعتماد دیتی ہے۔ابھشیک شرما کی برق رفتار اننگز بھارت کی جیت میں بنیادی کردار ادا کرتی نظر آئی۔