اسلام آباد(سی پی پی )وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جلد ایف بی آر ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ کرینگے جہاں انہیں بجٹ 2018-19ء کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ جلد ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کو اس دوران آئندہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی
اور گزشتہ مالی سال کے دوران حاصل کئے گئے اہداف کا احاطہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ چیئرمین ایف بی آر وزیر اعظم کو آئندہ کے بجٹ پر بریفنگ دینگے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں سے 15 سے 20 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس کا حتمی اعلان وفاقی بجٹ میں کیا جائے گا۔