اسلام آباد (آن لائن) جڑواں شہروں کے سی این جی صارفین کے لئے خوشخبری ہے کہ حکومت نے سی این جی ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات کے بعد سی این جی لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اسلام آباد میں حکومتی نمائندوں اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان جڑواں شہروں میں سی این جی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر مذاکرات ہوئے مذاکرات کی کامیابی پر حکومت نے لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس
لے لیا ہے اس سے قبل حکومت نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے جڑواں شہروں میں 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس پر عملدرامد شروع ہونے سے سی این جی صارفین اور سی این جی سٹیشن مالکان میں کافی تشویش پائی جا رہی تھی لیکن اب حکومت کی طرف سے لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لینے پر سی این جی صارفین نے سکھ کا سانس لیا ہے سی این جی صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت روز بروز پٹرول کی قیمتیں بڑھا رہی ہے جس کی وجہ سے سی این جی استعمال کرنا ضروری ہے ۔