ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے خبردار کیا ہے کہ تاجروں اور تجارتی مراکز کا دھات کے سکے لینے سے انکار قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر سزا مقرر ہے۔ وزارت نے توجہ دلائی کہ اس نے سعودی عربین مانیٹرنگ اتھارٹی (ساما) کے تعاون سے مملکت بھر میں دھات کے سکے وافر مقدار میں مہیا کرا دیئے۔ وزارت نے انتباہ دیا کہ جو دکاندار دھات کے سکے قبول کرنے سے انکار کرے گا
وزارت اس کے خلاف کارروائی کریگی۔ مملکت میں تجارتی مراکز دھات کے سکے لینے دینے سے اجتناب برت رہے ہیں۔ اگر کسی گاہک کی رقم ایک ریال سے کم تجارتی مرکز کی طرف واجب الادا ہوتی ہے تو وہ گاہک کو سکہ فراہم کرنے کی بجائے چیونگم یا ٹافی دے کر ٹرخا دیتا ہے۔ ساما نے بیان دیا ہے کہ مملکت میں 5ہللہ،10ہللہ،
25ہللہ،50ہللہ نیز ایک اور دو ریال کے دھات کے سکے وافر مقدار میں مہیا ہیں۔ اشیا ءاو رخدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد دھات کے سکوں کی ضرورت اور طلب بڑھ گئی۔ وزارت تجارت نے صارفین سے کہا کہ وہ 1900پر رابطہ کر کے ایسے دکانداروں اور تجارتی مراکز کی رپورٹ کریں جو دھات کے سکوں کے لین دین کے ضابطے کی پابندی نہ کر رہے ہوں۔