اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کودہشتگردی سے چھٹکارا ملتے ہی غیر ملکی سیاح امڈ کر آگئے، تعداد میں 3گنا اضافہ، امریکی نشریاتی ادارے بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں امن و امان کی
صورتحال بہتر ہوتے ہی سیاحتی صنعت اس وقت بام عروج پر پہنچ چکی ہےاور سن 2013 کے بعد سے غیرملکی سیاحوں کی آمد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ غیر ملکی سیاحوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سیاحوں کوراغب کرنے کی مہم بھی ہے جبکہ انفراسٹرکچر میں بہتری بھی اس کی وجہ ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈولپمنٹ کارپوریشن کے مطابق 2013 کے بعد غیرملکی سیاحوں کی تعداد 3 گنا اضافے کے ساتھ 2016 میں ساڑھے 17 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مقامی سیاحوں کی تعداد 30 فیصد اضافے کے ساتھ 3 کروڑ 83 لاکھ ہوگئی۔سیاحت کے شعبے سے پاکستان کو 19.4 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی جو جی ڈی پی کا 6.9 فیصد بنتی ہے۔ عالمی کونسل کے مطابق ایک عشرے میں پاکستان کی یہ آمدنی بڑھ کر 36.1 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔بلوم برگ کے مطابق غیرملکی سیاحوں کے لیے پاکستان کے ویزا کا حصول مہنگا بھی ہے اور مشکل بھی لہذا یہ یہ مسئلہ سیاحوں کی آمد میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہےجسے آسان اور سستا بنانے کی ضرورت ہے۔