لاہور( این این آئی ) دبئی رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری اور لین دین کے حوالے سے پاکستانیوں نے امریکیوں اور برطانیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ نے جنوری 2016ء سے جون 2017ء کے دوران رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کرنے والی قومیتوں کی فہرست جاری کردی۔صف اول کی اقوام میں پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق پاکستانیوں نے رئیل اسٹیٹ کی مد میں 5398ٹرانزکیشنز کیں جس سے سیکٹر میں 7ارب درہم کی سرمایہ کاری ہوئی۔فہرست میں متحدہ عرب امارات کے شہری پہلے نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے 12ہزار سودوں کے ذریعے 37.4ارب درہم کی سرمایہ کاری کی۔ڈی ایل ڈی کی رپورٹ میں بھارت دوسرے، سعودی عرب چوتھے برطانیہ پانچویں جبکہ امریکہ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ دریں اثن دبئی میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے 10بڑے سرمایہ کاروں کی فہرست میں پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پرہے۔دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارتی شہریوں نے 10ہزار 628ٹرانزیکشنز کے ذریعے 20اعشاریہ 4 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی جبکہ پاکستانی شہریوں نے جائیداد کے 5 ہزار 398 سودوں کے ذریعے 7 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی ہے ۔دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ نے ٹاپ ٹین اقوام کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے دبئی کی رئیل اسٹیٹ میں جنوری 2016 سے جون 2017 تک سرمایہ کاری کی۔ متحدہ عرب امارات کے شہری سرمایہ کاری کے لحاظ سے سرفہرست ہیں ۔سعودی عرب کے باشندوں نے پانچ ہزار 366 سودوں کے ذریعے ساڑھے 12 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی جبکہ برطانوی شہریوں نے چار ہزار 188 سودوں کے ذریعے 9 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ 10 سرفہرست ممالک میں مصر، چین، اردن، لبنان اور امریکا کے سرمایہ کار شامل ہیں۔